نئی دہلی:22/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ نو تشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ایک پل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے دبے ۔ کچلے لوگوں کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔ راہل گاندھی نے آج نو تشکیل کانگریس ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی اور کہا کہ اس کا تجربہ سیاسی زندگی میں اہمیت کا حامل ہے ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اپنے خطاب میں کانگریس صدر کو یقین دلایا کہ وہ اور دوسرے تمام کانگریسی بھارت کے سماجی ہم آہنگی اور اقتصادی ترقی کو بحال کرنے کے مشکل بھرے کام کو پورا کرنے میں ان کے ساتھ ہیں، ان کا تعاون ان کے ساتھ رہے گا ۔سنگھ نے کہا کہ میں راہل گاندھی کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سماجی ہم آہنگی اور اقتصادی ترقی کو بحال کرنے کے مشکل بھرے کام کو مکمل کرنے ان کا پورا تعاون کریں گے۔ کانگریس صدر نے بھارت کی آواز کے طور پر کانگریس کے کردار اور موجودہ اور مستقبل کی اس کی ذمہ داری کے بارے میں بھی یاد دلایا اور الزام لگایا کہ بی جے پی ، دلتوں، آدی باسیوں، پچھڑوں، اقلیتوں اور غریبوں پر حملے کر رہی ہے اور ان کا گزران زندگی مشکل کر رہے ہیں ۔ گاندھی نے کہا کہ نو تشکیل شدہ ورکنگ کمیٹی کا تجربہ سیاسی زندگی میں اہمیت کاحامل ہے یقیناًاس کے فوائد بھی مرتب ہوں گے ۔